راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شیخوپورہ ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار نے شیخوپورہ میں ٹرین حادثے پر افسوس اظہار کیا ہے جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ ضلع شیخوپورہ میں فاروق آباد پھاٹک کے قریب مسافر ویگن کراچی سے لاہور آنے والی ٹرین شاہ حسین ایکسپریس کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں 21 سکھ یاتری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شیخوپورہ کے قریب کوسٹر ٹرین کی زد میں آگئی، 21 سکھ یاتری ہلاک، کئی زخمی
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کوسٹر میں سکھ خاندان سوار تھا جس کا تعلق پشاور سے تھا، خاندان کے تمام افراد قریبی عزیز کی فوتیدگی پر ننکانہ صاحب آئے تھے، ننکانہ سے واپس پشاور جاتے ہوئے سچا سودا گردوارہ کے پاس کوسٹر بس ڈرائیور نے پھاٹک سے پیچھے کچے راستے سے بس گزارنے کی کوشش کی، اسی دوران کوسٹر کراچی سے لاہور جانے والی شاہ حسین ایکسپریس سے ٹکرا گئی۔
وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے، ڈی ای این کو فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے شیخوپورہ ٹرین حادثے میں ہلاکتوں پراظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کی ہدایت کی ہے۔