اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی درالحکومت میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے مثبت اثرات سامنے آنے لگے، کورونا کیسز میں 90 فیصد کمی آگئی۔ اسلام آباد کے تین علاقوں میں جاری لاک ڈاؤن آج ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
اسلام آباد کے سیکٹر جی 6 ون، جی 6 ٹو اور جی 7 ٹو کو آج ڈی سیل کر دیا جائے گا۔ تینوں علاقوں کو 14 روز قبل کورونا کیسز میں اضافے پر سیل کیا گیا تھا۔
خیال رہے ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 37 ہزار 489 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 83 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 4 ہزار 922 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 980 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 83 ہزار 599، سندھ میں 97 ہزار 626، خیبر پختونخوا میں 28 ہزار 681، بلوچستان میں 10 ہزار 919، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 595، اسلام آباد میں 13 ہزار 650 جبکہ آزاد کشمیر میں ایک ہزار 419 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 14 لاکھ 67 ہزار 104 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21 ہزار 951 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک ایک لاکھ 40 ہزار 965 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 236 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 83 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 4 ہزار 922 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 929، سندھ میں ایک ہزار 614، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 45، اسلام آباد میں 140، بلوچستان میں 124، گلگت بلتستان میں 30 اور آزاد کشمیر میں 40 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔