کراچی: (دنیا نیوز) وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ سنگین ہو گیا، کے الیکٹرک کو ایندھن کی فراہمی یقینی بنائی جائے، وفاق اور صوبائی حکومت مل کر کے الیکٹرک کے مسئلے کا حل نکالیں۔
کراچی میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے نیپرا میں سماعت ہوئی جس کے دوران وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے الیکڑک کے مسئلے کے حل کیلئے مدد کرنے پر تیار ہے، کے الیکڑک کے مستقبل کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی جائے،
انہوں نے زور دیا کہ شدید گرمی میں کراچی کے عوام کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے کے الیکڑک کو فیول ہر صورت مہیا کیا جائے، لوڈشیڈنگ کے مسئلے کا حل مل بیٹھ کرمستقل طور پر نکالا جائے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ سندھ ہائیکورٹ میں کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف کیس پر کارروائی جاری ہے، عدالت نے آج سماعت کے دوران درخواست گزار کو کے الیکٹرک کیخلاف کیس میں مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی اور اوور بلنگ والے بلز بھی درخواست کے ساتھ منسلک کرنے کی ہدایت کی۔