گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے واضح کیا ہے کہ بہت سارے نوجوانوں کے پاس بزنس پلان ہی نہیں، یہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہے کوئی گرانٹ نہیں ہے۔ نوجوان اگر کاروبار نہیں کر سکتے تو منصوبے کا حصہ نہ بنیں۔
معاون خصوصی عثمان ڈار کا گوجرانوالہ میں کامیاب نواجوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ بہت سارے نوجوانوں کو انٹرویو کے دوران پوچھا گیا کہ آپ کو پیسے ملے تو کیا کاروبار کریں گے؟ تو ان کے پاس جواب نہیں تھا۔ نوجوانوں کا کہنا تھا کہ جب ہمیں پیسے ملیں گے تو سوچیں گے کہ کیا کاروبار کرنا ہے۔
عثمان ڈار نے واضح کیا کہ نوجوانوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ یہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہے، کوئی گرانٹ نہیں، نوجوان اگر کاروبار نہیں کر سکتے تو کامیاب جوان پروگرام کا حصہ نہ بنیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام کیلئے 10 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں۔ پروگرام کے تحت تمام درخواستوں کی میرٹ پر جانچ پڑتال ہو رہی ہے۔ کامیاب جوان پروگرام سیاسی وابستگی سے بالاتر ہے۔ نوجوانوں کی ترقی وزیراعظم عمران خان کی اہم ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آج گوجرانوالہ میں کامیاب جوان پروگرام کے فیز ٹو کا افتتاح کر رہے ہیں۔ پہلے فیز میں ہزاروں نوجوان مستفید ہو چکے ہیں۔ یہ پروگرام پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس میں میں نوجوان کو اب 3 فیصد مارک اپ پر قرضے دئیے جا رہے ہیں۔