نوشہرہ : (دنیا نیوز) تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا نام الیکشن کمیشن نے پارٹی سربراہ کی لسٹ سے نکال دیا ہے۔
پرویز خٹک نے ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلے کے نشان کے بعد پاکستان تحریک انصاف کا نام و نشان بھی ختم ہوجائیگا، بانی پی ٹی آئی اصل میں مولانا، آصف علی زرداری اور نواز شریف سے بھی دو ہاتھ آگے تھے، تبدیلی اور احتساب تو بس ایک ٹوپی ڈرامہ تھا، ماضی میں جن پارٹیوں نے ملکی اداروں کے خلاف نفرت کی سیاست کی ان کا انجام عبرت ناک ہوا۔
سربراہ تحریک انصاف پارلیمنٹرینز نے کہا کہ عوام ملک میں مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور سیاسی بحران پیدا کرنے والوں کا ووٹ کے ذریعے احتساب کریں، بانی پی ٹی آئی نے بچگانہ فیصلے کرکے ملک و قوم کو بدترین سیاسی، معاشی بحران سے دوچار کیا، بانی پی ٹی آئی کا اقتدار چند گھر کے افراد کے ہاتھوں میں قید تھا۔
پرویز خٹک نے مزید کہا کہ پختونوں نے بانی پی ٹی آئی کو بھاری مینڈیٹ دیا مگر انہوں نے پختونوں کو مایوس کیا، کرپٹ سیاستدانوں کی وجہ سے ہمیشہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کا جنازہ نکلا، قوم جاگ اٹھی ہے، آٹھ فروری کا سورج پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کی کامیابی کی نوید لیکر آئے گا۔