کراچی: (روزنامہ دنیا) سوشل میڈیا پر کسی بھی خبر کو بغیر تصدیق آگے بھیجنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کسی بھی خبر کی تصدیق کیے بغیر سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ سے فارورڈ کرتے وقت احتیاط کریں۔
کراچی پولیس ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر میں خاتون کے ساتھ زبردستی اور تشدد کی خبریں پھیلائی گئیں، جس کی تردید ملیر پولیس کی جانب سے کی گئی ہے۔ کوئی بھی شخص یا گروہ غلط / جھوٹی خبریں چلانے یا پھیلانے میں ملوث پایا گیا تو معاملہ وفاقی انٹیلی جنس ایجنسی کے سائبر کرائم سیل کو بھیجا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ کوئی بھی ایسا شخص یا گروہ کسی بھی ادارے، شخصیت یا حساس نوعیت کے معاملے پر جھوٹ پر مبنی مواد کو چلانے یا پھیلانے میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ لوگ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں، خبر کی تصدیق اور سچائی کی جانچ کے بعد شیئر کریں۔