کوئٹہ: (دنیا نیوز) ایرانی حکومت نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر اپنے یہاں قید 14 پاکستانیوں کو رہا کر دیا ہے۔ یہ رہائی پاک ایران سرحد تفتان پر عمل میں لائی گئی۔
فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی حکام کے مطابق پاک ایران امیگریشن گیٹ تفتان سے ایرانی حکام نے 14 پاکستانی قیدیوں کو ڈائریکٹر ایف آئی اے نوشکی سپریٹنڈنٹ ملک سمیع اللہ کاکا خیل کے حوالے کیا۔ اس موقع پر دیگر افسران بھی موجود تھے۔
رہا ہونے والے افراد ایران میں مختلف مقدمات میں قید تھے، جنھیں آج خیر سگالی کے تحت پاکستان کے حوالے کیا گیا جبکہ پاک ایران امیگریشن گیٹ تفتان سے 76 پاکستانی شہریوں کی واپسی ہوئی ہے جنھیں ایف آئی اے گیٹ تفتان پر محکمہ صحت کے عملہ نے مکمل میڈیکل سکریننگ اور چیک اپ کیا۔
اس کے علاوہ ایرانی سرحدی حکام نے 149 ڈی پورٹیز کو راہداری گیٹ تفتان کے مقام پر لیویز انتظامیہ کے حوالے کیا جو بغیر سفری دستاویزات کے سفر کے دوران گرفتار کیے گئے تھے۔