ایران میں ساڑھے 3 کروڑ افراد کورونا وائرس کی زد میں ہیں: حسن روحانی

Last Updated On 18 July,2020 06:45 pm

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ملک میں 3 سے ساڑھے 3 کروڑ افراد ممکنہ طور پر کورونا کے خطرے کی زد میں ہیں۔

حسن روحانی کی جانب سے جاری بیان ایرانی وزارت صحت کی نئی رپورٹ میں شامل اعداد و شمار پر مبنی ہے۔ یہ تعداد سرکاری طور پر اعلان کردہ متاثرین کی تعداد 269440 سے کہیں زیادہ ہے۔ ایرانی صدر نے اپنے خطاب میں اس واضح تضاد پر روشنی نہیں ڈالی۔

یاد رہے کہ ایران کی کُل آبادی 8 کروڑ نفوس پر مشتمل ہے۔ یہ مشرق وسطی میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔

سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے خطاب میں حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ہمارے اندازے کے مطابق اب تک 2.5 کروڑ ایرانی اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں ، ان میں تقریبا 14 ہزار متاثرین اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

ایرانی صدر کے مطابق ملک میں 3 سے 3.5 کروڑ افراد کو ممکنہ طور پر کورونا سے متاثر ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔ ملک کے ہسپتالوں میں 2 لاکھ سے زیادہ افراد کا علاج کیا جا چکا ہے۔

ایرانی وزارت صحت کے مطابق جمعے کے روز تک ملک میں کرونا وائرس کے سبب 13791 افراد فوت ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسوں کی تعداد 1.4 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔ رائٹرز ایجنسی نے بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے جب 100 گھنٹوں سے بھی کم دورانیے میں عالمی سطح پر دس لاکھ نئے متاثرین کا انکشاف ہوا ہے۔

دنیا میں کورونا وائرس کا پہلا کیس رواں سال جنوری کے اوائل میں چین میں سامنے آیا تھا اور پھر اگلے تین ماہ میں کیسوں کی مجموعی تعداد 10 لاکھ تک پہنچ گئی۔ بعد ازاں 13 جولائی کو متاثرین کی تعداد 1.3 کروڑ تھی جو اگلے صرف چار روز میں بڑھ کر 1.4 کروڑ تک پہنچ گئی۔