کراچی: (دنیا نیوز) این سی او سی کی پہلی بار کراچی میں بیٹھک، مویشی منڈیوں کی مینجمنٹ، عید الاضحیٰ کیلئے ایس او پیز کے حوالےسے مشاورت ہوئی۔ اسد عمر نے کہا کہ کورونا کیسز میں کمی آئی تاہم مزید احتیاط کرنا ہوگی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وبا کو کنٹرول کرنے میں این سی او سی کے کردار کی تعریف کی۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت سی ایم سندھ ہاوس میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلی مرادعلی شاہ، وزیر صحت، وزیر تعلیم سندھ، تمام صوبوں کے نمائندوں، چیئرمین این سی او سی لیفٹننٹ جنرل حمود الزمان سمیت دیگر نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ہمیں عیدالضحیٰ، محرم اور ربیع الاول کے حوالے سے خصوصی تیاری کرنا ہوگی، مویشی منڈیوں میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ مانیٹرنگ بھی کرنا ہوگی، فیس ماسک اور احتیاطی تدابیر یقینی بنانی ہے۔
اسد عمر نے کہا بیشک کورونا کیسز میں کمی آئی تاہم اب زیادہ احتیاط کرنا ہوگی تاکہ تعداد نہ بڑھے۔ انہوں نے سندھ کے ڈاکٹرز، پیرا میڈکس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ اجلاس میں اسلام آباد سے ویڈیو لِنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، احتیاطی تدابیریقینی بنانا ہوگی، محرم کے حوالے سے بھی پلان مرتب کر رہے ہیں۔
وزیراعلی سندھ نے کہا وبا کنٹرول کرنے میں این سی او سی کا اہم کردار ہے۔