ممبئی: (ویب ڈیسک) کورونا وائرس کی شکار ہونے والی بالی ووڈ اداکار اور بچن خاندان کی بہو ایشوریا رائے بچن کو سیلف آئسولیشن سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ایشوریا رائے بچن کو کووڈ-19 کے علاج کی غرض سے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کو بتایا تھا کہ وہ گھبرائیں نہیں جبکہ درخواست کی کہ ان کے قریب رہنے والے بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کروائیں۔
واضح رہے کہ 11 جولائی لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
امیتابھ بچن کے کورونا ٹیسٹ کو 24 گھنٹے بھی نہیں گزرے تھے کہ یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ ان کے بیٹے اور نامور اداکار ابھیشیک بچن بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
ابھیشیک نے بھی اپنے مداحوں کو آگاہ کیا کہ والد کی طرح ان کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔ میں اور والد ہسپتال میں داخل ہوگئے ہیں۔
ابھیشیک بچن نے اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ان کی کورونا مثبت آنے کی خبر سننے کے بعد کسی بھی طرح کی گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں۔
اداکار ابھیشیک بچن کی اطلاع کے فوراً بعد ہی بچن خاندان کے مزید افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر سامنے آئی۔
اس مرتبہ کورونا مثبت آنے والوں میں ابھیشیک کی اہلیہ ایشوریا رائے بچن اور ان کی بیٹی آرادھیا بچن تھیں۔ ایشوریا رائے بچن اور آرادھیا بچن نے خود کو گھر ہی میں آئسولیٹ کرلیا تھا۔
دوسری جانب امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن کا بھی کورونا ٹیسٹ ہوا تھا لیکن وہ اس وائرس سے مکمل طور پر محفوظ رہی تھیں۔