کیپٹن (ر) صفدر کی اندراج مقدمہ کیلئے درخواست، سیشن عدالت کا پولیس کو نوٹس جاری

Last Updated On 12 August,2020 03:19 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سیشن عدالت نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اندراج مقدمہ کیلئے درخواست پر پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 18 اگست تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

سیشن عدالت میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ مسلم لیگ ن کی درخواست میں وزیراعظم عمران خان، مشیر برائے داخلہ شہزاد اکبر، چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ مریم نواز کی پیشی کے دوران ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، سرکاری مشینری کی جانب سے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا گیا، اندراج مقدمہ کے لئے درخواست دی لیکن پولیس نے درخواست لینے سے انکار کر دیا۔

درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا کہ مسلم لیگ ن کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، مریم نواز کی پیشی کے موقع پر امن و عامہ کو قابو میں رکھنا حکومت کی ذمہ داری تھی، حکومت اور نیب نے نہتے اور پرامن کارکنوں پر حملہ کر کے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ حملہ کرنے اور احکامات جاری کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
 

Advertisement