پاک چین اقتصادی راہداری کی کابینہ کمیٹی کا سی پیک ترقی کی رفتار پر اظہارِ اطمینان

Published On 13 August,2020 07:55 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاک چین اقتصادی راہداری کی کابینہ کمیٹی نے ملک بھر میں سی پیک پراجیکٹ کے کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کیلئے قائم کابینہ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت ہوا، اجلاس کے دوران سی پیک منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس کے دوران دس وفاقی وزراء نے شرکت کی۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئر مین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے شرکاء کو ملک بھر میں جاری سی پیک منصوبوں پر بریفنگ دی۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئر مین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی کو سی پیک کے حوالے سے بریفنگ دی۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 10 وفاقی وزراء اور سیکرٹریز نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ فورم نے سی پیک ترقی کی رفتار پر اظہارِ اطمینان کیا اور متعلقہ وزارتوں کی جانب سے سی پیک کو تیز تر کرنے کے حوالے سے مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیساتھ مضبوط شراکت داری اور گہری دوستی ہمیشہ برقرار رکھیں گے: چین

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ سی پیک کے سفرمیں ہم جوں جوں آگے بڑھتےجائیں گے صنعتی تعاون میں اضافہ ہوتا جائےگا، سی پیک کے اگلے مرحلے میں زراعت، سائنس وٹیکنالوجی کو بھرپورترجیح دی جائے گی۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ دونوں شعبوں کیلئے سی پیک فریم ورک کےتحت نئےمشترکہ ورکنگ گروپس تشکیل دیئے گئےہیں، گوادرانفراسٹرکچرکی ترقی میں بھی اہم پیشرفت ہوئی ہے جس کو سی پیک کی ترقی میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر انفراسٹرکچر میں پاک چین ہسپتال اورتکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کے مرکز کا سنگ بنیاد شامل ہے، ثورڈیم سے گوادر شہر کو 5 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی کے منصوبے کا فیز 1 مکمل ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم ایل ون منصوبے کی منظوری پر چینی حکومت کی جانب سے خوشی کا اظہار

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ صنعتی تعاون کےتحت، فیصل آباد میں پہلے سی پیک خصوصی اقتصادی زون کاسنگ بنیاد جنوری میں رکھا گیا تھا، دھابیجی، سندھ اوررشکئی خیبرپختونخواکے خصوصی معاشی زون کے قیام کےسلسلے میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ایکنک نے ایم ایل ون منصوبے کی منظوری دیدی، یہ سی پیک منصوبے میں ریلوے کے لیے سب سے بڑا منصوبہ ہے۔
 

Advertisement