پشاور بی آر ٹی میں سفر کے دوران نسوار پر پابندی

Published On 22 August,2020 02:29 pm

پشاور: (روزنامہ دنیا) پشاور بی آر ٹی کی بسوں کو صاف رکھنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے نسوار کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی۔

مسافروں کو سفری سہولیات ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط ہوں گی۔ انتظامیہ نے مسافروں کیلئے دوران سفر نسوار کے استعمال پر ہی نہیں بلکہ ساتھ رکھنے پر بھی پابندی عائد کر دی۔ سفر کے دوران قینچی اور چھری لانے پر بھی پابندی ہے۔

خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح 13 اگست کو کیا تھا۔ اس کا ٹریک 27 کلو میٹر طویل ہے جس پر 220 ائیر کنڈیشنڈ بسیں چلائی جا رہی ہیں۔

عوام کی سہولت کے لیے ایک ہی ٹریک پر دو روٹ متعارف کرائے گئے ہیں۔ چمکنی سے کارخانو مارکیٹ کا ایک روٹ 7 سٹاپ پر مشتمل ہے اور 45 منٹ میں سفر طے ہو گا۔

بی آر ٹی کی بسوں میں سفر کرنے کے لیے آپ کو “زو کارڈ” حاصل کرنا ہو گا۔ زو کارڈ بی آرٹی کے ہر اسٹیشن کے ٹکٹ آفس یا ٹکٹ وینڈنگ مشین کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

پشاور کے اہم تعلیمی ادارے، ہسپتال اور کمرشل ادارے بی آر ٹی کے روٹ سے منسلک ہیں۔ پہلے پانچ کلومیٹر سفر کا کرایہ دس روپے رکھا گیا ہے۔ ہر پانچ کلومیٹر کے بعد کرائے میں 5 روپے اضافہ ہوگا۔
 

Advertisement