کراچی: (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ نواسہ رسول امام عالی مقام شہید کربلا حضرت امام حسینؓ کا باطل کے خلاف بلند کیا ہوا علم بلند حوصلہ کے ساتھ سربلند رکھیں گے،ہر طرح کا جبر برداشت کریں گے مگر وقت کے کسی باطل کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سابق صدر نے نواسہ رسول کے حضور سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے اپنے خاندان کی قربانی دیکر حق اور صداقت کو فتح مند کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دین اسلام کو زندہ رکھنے کیلیئے بی بی زینب سلام اللہ علیہا کا عظیم اور بے مثال کردار ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ شہداء کربلا کی عظیم قربانی انسانیت کو بیدار کرنے کا وسیلہ ہے۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ امام حسینؓ ساری کائنات کے عظیم ہیرو ہیں یہی وجہ ہے ہر مذہب اور عقیدے والے انہیں حق اور صداقت کا علمبردار تسلیم کرتے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم امام عالی مقام کے پیروکار ہونے پر فخر اور اعزاز سمجھتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ وقت کے کسی باطل کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے ۔
سابق صدر نے کہا ہمیں ان عناصر کو شکست دینی ہوگی جو مذہب کی آڑ انسانیت کو پامال کرتے ہیں، میدان کربلا میں یزیدیت کو بے نقاب کرنے والے نواسہ رسولؐ کی قربانی ہمارے لیئے مشعل راہ ہے۔ آل رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا تعین کیا ہوا راستہ انسانیت کی بیداری کا راستہ ہے ۔