اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے امید ظاہر کی ہے کہ بین الافغان مذاکرات جلد شروع ہونگے جو خطے اور دنیا بھر میں امن، استحکام اور خوشحالی یقینی بنانے کیلئے افغان تنازع کے پرامن سیاسی حل پر منتج ہونگے۔
وہ سرمایہ کاری اور خارجہ اقتصادی تعلقات کے بارے میں ازبکستان کے نائب وزیراعظم سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے ان سے جمعرات کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ عمران خان نے کہا کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔
دونوں رہنماؤں نے دوران ملاقات کوویڈ 19، دو طرفہ تعاون، علاقائی رابطہ، اور علاقائی امن وسلامتی پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے مابین خوشگوار اور بھائی چارے کے تعلقات ہیں۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر ریلوے منصوبوں کے ذریعے علاقائی رابطے اور تجارت میں اضافے کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔ نائب وزیراعظم نے ازبک صدر کے تہذیبی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا صدر میرزیوئیف دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔
نائب وزیراعظم ازبکستان نے کہا کہ صدر میرزیوئیف نے وزیراعظم کو ازبکستان کے دورے کی دعوت دی ہے۔ وزیراعظم نے دو طرفہ اور خطے میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے ازبکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔