اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دو روز میں دوسری مرتبہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے رابطہ اور حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے مشاورت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے میاں محمد نواز شریف کو ٹیلی فون کیا، دونوں رہنماؤں نے اپوزیشن کی کثیرالجماعتی کانفرنس کے ایجنڈے اور تحریک انصاف حکومت کے خلاف تحریک سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام اور مسلم لیگ نون کی قیادت نے حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لئے اسمبلیوں سے استعفے دینے کے ساتھ ساتھ وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے آپشنز پر غور کیا۔
مولانا فضل الرحمان اور میاں نواز شریف کے درمیان تحریک انصاف حکومت کے خلاف پوری قوت کے ساتھ احتجاج اور جیل بھرو تحاریک چلانے کے معاملات پر مشاورت کی گئی، مسلم لیگ نون کے قائد نے مولانا فض الرحمان کی تجاویز سے اتفاق کیا۔