وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا مختلف سکولوں کا دورہ، تدریسی عمل کا جائزہ

Published On 30 September,2020 10:58 am

کراچی: (دنیا نیوز) وزیر تعلیم سندھ نے مختلف سکولوں کا دورہ کیا، سعید غنی نے ڈی جے سائنس کالج میں تدریسی عمل کا جائزہ لیا اور ماسک نہ پہننے پر عملے کی سرزنش کی۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی روزانہ کی بنیاد پر مختلف سکولوں کے دورے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کھارادر کے سکول کو فوری طور پر سیل کرنے کے احکامات دے دیئے۔

سعید غنی نے مختلف نجی سکولز میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ ڈی جی پرائیویٹ سکول کو فوری طور پر چھوٹے نجی سکولز کے دورے اور وہاں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات کی۔

صوبائی وزیر نے مدرسہ اسلامیہ سکول نمبر 3 میں خود اپنے ہاتھوں سے سماجی فاصلہ کے لئے بچوں کو اٹھا کر ان کی کرسیاں درست کی۔ سعید غنی ڈی جے سائنس کالج بھی پہنچے، تدریسی عمل کا جائزہ لیا اور طلبہ کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت دی۔

سعیدغنی کا کہنا تھا کہ ہمیں خود اپنے آپ کو اور دوسروں کو اس وبا سے بچانے کے لیے احتیاط کرنا ہوگی۔
 

Advertisement