لاہور: (دنیا نیوز) رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کا جھوٹ اب نہیں چلے گا، مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ کیخلاف کرپشن کا بیانیہ لایا گیا، کرپشن اور نیب کا بیانیہ پٹنے کے بعد غداری پر اتر آئے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت مریم نواز کے گوجرانوالہ میں خطاب کا سن کر بوکھلاہٹ کا شکار ہے، شیخ رشید حد میں رہیں، انہوں نے حد پار کی تو ان کو نقصان ہوگا، مریم نواز کو مخاطب کرنا شیخ رشید کو مہنگا پڑے گا، شیخ رشید کو میں نے خود نواز شریف کے پیچھے دم ہلاتے دیکھا، شیخ رشید ن لیگ میں شامل ہونے کے لیے منتیں کرتا رہا۔
سابق وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم سمیت پوری اہم لیگی قیادت پر مقدمات عمران خان کے کہنے پر درج کیا گیا، تین بار کے منتخب وزیراعظم کو غدار قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا حکومت مخالفین پر انتقامی کاروائیاں کر رہی ہیں، حکومت نے سیاسی روا داری ختم کر دی ہے، حکومت بتائے اڑھائی سالوں میں کیا کیا ہے، 16 اکتوبر سے حکومت مخالف تحریک کا آغاز کر رہے ہیں۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی اور رانا ثناءاللہ سمیت دیگر ملزمان کی عبوری درخواست ضمانت میں 12 اکتوبر تک توسیع کر دی۔