لاہور: (دنیا نیوز) رانا ثناءاللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثنا اللہ اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ عدالت نے رانا ثناء اللہ سمیت دیگر کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔
انسدادمنشیات عدالت میں رانا ثناء اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا تمام ملزمان عدالت میں موجود ہیں۔ رانا ثنا اللہ کے وکیل نے عدالت میں حاضری معافی کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تین ملزمان عدالت میں موجود ہیں جبکہ رانا ثناءاللہ اور ان کے گارڈ عدالت پیش نہیں ہوئے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ تو کوئی طریقہ نہیں ہے کہ ملزمان پیش نہ ہوں۔ وکیل کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے باعث رانا ثناءاللہ اور ان کے گارڈ پیش نہیں ہوئے۔ اے این ایف کے وکیل کا کہنا تھا کہ آج ملزمان پر فرد جرم عائد ہونا تھی۔
رانا ثنا اللہ کے وکیل نے کہا کہ اے این ایف نے جن افراد کے بیانات ریکارڈ کیے وہ ہمیں دے دیئے جائیں، اس حوالے سے ہماری ایک درخواست عدالت میں زیر التوا ہے، اس درخواست کے فیصلے تک فرد جرم عائد نہیں ہوسکتی۔
انسداد منشیات عدالت نے رانا ثنا اللہ کے وکیل کو درخواست پر بحث کیلئے آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کر دی۔