اسلام آباد: (دنیا نیوز) رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں 34 فیصد اضافہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی ہے، مافیا نے حکومت پر دباؤ ڈال کر اربوں کا فائدہ اٹھا لیا، اب عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے کمیشن بنا دیں۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللہ نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا پٹرول کی مد میں اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا گیا، جو ڈکیتی رات ہوئی یہ تسلسل کے ساتھ ہوتی رہے گی، لوگوں سے پیسے نکلیں گے تو مافیا کی جیبوں میں جائیں گے، معلوم نہیں مافیا حکومت میں ہے یا حکومت مافیا میں ہے، اربوں روپے کے ڈاکے مارے جا رہے ہیں، قانون نافذ کرنیوالے ادارے کہاں ہیں ؟ آٹا مافیا، گندم مافیا اور چینی مافیا نے اربوں روپے کے ڈاکے مارے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا حکومت کا زور صرف پروپیگینڈا کرنے پر ہے، حکومت نے پیٹرول سستا کیا لوگ پیٹرول تلاش کرتے کرتے رل گئے، ایف آئی اے کو اپوزیشن کے پیچھے لگایا گیا ہے، چینی کی قیمت اس وقت 80 روپے سے اوپر ہے، آپ کے کمیشن کی رپورٹ کو عوام چاٹیں، کھائیں یا کیا کریں، مافیا جو ہے وہ اس وقت چھایا ہوا ہے، سونامی براستہ بد ترین ناکامی اور بدنامی کی جانب گامزن ہے۔