اسلام آباد: (دنیا نیوز) ن لیگی رہنما رانا ثنا نے کہا ہے کہ شہبازشریف کا رواں ماہ وطن واپسی کا ارادہ ہے، ن لیگ کسی قومی حکومت کا حصہ بننے کی بجائے مڈ ٹرم انتخابات چاہتی ہے۔
رانا ثناءاللہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی احتجاج کے لیے ہر فورم کا انتخاب کرے گی، نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کے لیے قانونی ٹیم کی مشاورت جاری ہے، انہوں نے مشیر اطلاعات کو باجی بدزبان قرار دے دیا۔
اس سوال پر کہ نوازشریف نے 4 مارچ کو امریکی اور برطانوی اسٹیبلشمنٹ سے ملاقات کی پر کہا کہ ان ملاقاتوں کی تردید نہیں کروں گا تاہم تبصرہ کرنے کی پوزیشن میں بھی نہیں کیونکہ پارٹی کی طرف سے اجازت نہیں۔
رانا ثنا نے مزید کہا کہ شہباز شریف کا مارچ کے مہینے میں وطن واپسی کا ارادہ ہے، ہو سکتا ہے کہ نوازشریف دل کے آپریشن کے بعد فوری وطن واپس آجائیں۔