لاہور: (دنیا نیوز) رانا ثناء اللہ نے حکومتی خط کو سیاسی شعبدہ بازی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اگر برطانیہ کو خط لکھے گی تو اس کی کوئی اہمیت نہیں ہوگی۔
دنیا نیوز کے پروگرام ‘’اختلافی نوٹ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت کے لیے دوبارہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لندن میں ڈاکٹر اپنی مرضی سے علاج کرتے ہیں۔ واپسی کا فیصلہ میاں صاحب ہی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی واپسی کا وقت آ پہنچا، ڈی پورٹ کرانے کے لیے برطانیہ کو خط لکھیں گے
خیال رہے کہ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی کا وقت آ پہنچا، اگلے ہفتے ڈی پورٹ کرانے کے لیے برطانوی حکومت کو خط لکھیں گے۔
بعد ازاں سیالکوٹ میں ایک جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ عوامی وسائل پر پلنے والا خاندان عدالتوں سے بیماری کی آڑ میں علاج کے لیے گیا لیکن ابھی تک ہسپتال میں داخل نہیں ہوئے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پلیٹ لیٹس کا واویلا آخر میں ان کی کلچ پلیٹ پر ختم ہوا۔ پلیٹ لیٹس ٹھیک کراتے کراتے (ن) لیگ کی اپنی کلچ پلیٹیں جواب دے گئی ہیں۔