ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے ایک بار پھر حکومت جانے کی پیشگوئی کردی

Last Updated On 27 February,2020 10:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے ایک بار پھر حکومت جانے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ماہ کے اندر اپوزیشن متحد ہو جائے گی۔ ن لیگ ان ہاؤس تبدیلی کی مخالفت نہیں کرے گی لیکن اس حکومت کا حصہ بھی نہیں ہوگی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے سیکرٹری جنرل عمیر بلوچ کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں رانا ثناء اللہ کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایک ماہ کے اندر اپوزیشن متحد ہوگی۔ ن لیگ ان ہاؤس تبدیلی کی مخالفت نہیں کرے گی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیاسی انتقام کیلئے اداروں کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ ملک تنزلی کی طرف جا رہا ہے، ہر کوئی پریشان ہے۔ سیاسی رواداری کو ملیا میٹ کر دیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم کی صحت بارے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے علاج کا فیصلہ لندن میں ڈاکٹرز کریں گے۔ پنجاب حکومت کے فیصلے کے خلاف عدالت جائیں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے سیکرٹری جنرل عمیر بلوچ نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کی جرات اور بہادری دیکھ کر اور آئین کی بالا دستی کے لئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی سی واقعہ پر لائسنس معطل کئے گئے اور مقدمات بھی درج ہوئے لیکن ڈاکٹرز کو کوئی سزا نہیں ملی۔
 

Advertisement