لاہور: (دنیا نیوز) ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف مارچ کا فیصلہ اپوزیشن جماعتوں کو مل کر کرنا چاہیئے۔ مولانا فضل الرحمن کے گلے شکوے دور کریں گے، پوری کوشش ہو گی کہ پیپلز پارٹی اور مولانا صاحب، ن لیگ کے ساتھ اکٹھے بیٹھیں۔
آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب پیشی کے بعد رانا ثناءاللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب ٹیم کو تمام ریکارڈ دینے کی پیشکش کی ہے، اے این ایف نے میرے تمام اثاثے سیل کر دیئے ہیں۔ میرے زیر استعمال گاڑی دوست کی ہے، اگر خریدنی ہوئی تو تو رجسٹریشن کا سوچوں گا۔
ایک سوال کے جواب میں ن لیگی رہنما نے کہا کہ سیاستدانوں کے مابین رابطوں کو سازش کہنا غلط ہے، نوازشریف اور چودھری نثار کے مابین ملاقات کا علم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی عوام نے دیکھ لی، موجودہ حکومت نے ملکی معیشیت کا بیڑہ غرق کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ رانا ثنا انسداد منشیات کیس میں ضمانت پر ان دنوں جیل سے باہر ہیں، ان کے خلاف منشیات کنٹرول ایکٹ 1997 کے سیکشن 9 سی کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔