لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی انسداد منشیات عدالت نے گاڑی سے ہیروئن برآمدگی کیس میں فرد جرم عائد کرنے کیلئے رانا ثنا کو 7 مارچ کو طلب کرلیا۔
انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج شاکر حسن نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد تین مختلف درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ رانا ثناء اللہ کی جانب سے وفاقی وزیر شہریار آفریدی سے فوٹیجز لینے کی درخواست دائر کی گی جس کو عدالت نے مسترد کر دیا۔
عدالت نے پراسکیوشن کی جانب رانا ثناء اللہ کا کیس روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کی درخواست بھی مسترد کر دی۔ عدالت نے رانا ثناء اللہ کی اے این ایف حکام سے گاڑی واپس لینے کی درخواست مسترد کر دی اور رانا ثناء اللہ کو باقاعدہ فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کے لیے 7 مارچ کو طلب کرلیا۔
عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ شہباز شریف کی وطن واپسی پر آل پارٹیز کانفرنس بلوا رہے ہیں جبکہ رانا ثناء اللہ نے مریم نواز کو بیرون ملک جانے اور ملک میں مڈٹرم الیکشن کروانے کا مطالبہ بھی کر دیا۔