لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا ثناءاللہ نے نیب تحقیقات کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
بتایا گیا ہے کہ رانا ثناء اللہ نے امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے آئینی درخواست دائر کی ہے جس میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی انکوائری میں خلاف قانون طلب کیا، انسداد منشیات اور قومی احتساب بیورو دونوں ادارے وفاق کے زیر سایہ ہیں، نیب ان اثاثوں کی تحقیقات کر رہا ہے جو اے این ایف عدالت نے منجمد کر رکھے ہیں۔ ایک وقت میں دونوں وفاقی ادارے کیسے تحقیقات کر سکتے ہیں۔ چیئرمین نیب نے اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کر کے انکوائری کی منظوری دی۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ رانا ثناء اللہ نے اپنے اور فیملی کے تمام اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن اور انکم ٹیکس اتھارٹیز کو جمع کروا ر کھی ہیں، نیب طلبی کا نوٹس آئین کے آرٹیکل 4 ،9، 10 اے، 13،14، 23 اور 25 کی خلاف ورزی ہے۔ نیب طلبی کا نوٹس اور انکوائری غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کی جائے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک نیب انکوائری روکنے کا حکم دیا جائے جبکہ درخواست کے حتمی فیصلے تک نیب کو رانا ثناءاللہ کیخلاف غیر قانونی کارروائی کرنے سے بھی روکا جائے۔