شہبازشریف کو حاضری سے استثنیٰ کا فیصلہ فوری معطل کرنے کی نیب استدعا مسترد

Last Updated On 03 March,2020 01:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کو مستقل حاضری سے استثنیٰ کے خلاف نیب کی درخواست مسترد کر دی، شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 مارچ کو جواب طلب کر لیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے سماعت کی، نیب کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ 17 جنوری کو احتساب عدالت نے شہباز شریف کو مستقل حاضری معافی دے دی۔ عدالت نے نیب وکیل سے استفسار کیا کہ کیا شہباز شریف کی عدم موجودگی میں ٹرائل رک گیا ہے۔ نیب وکیل نے کہا کہ حاضری معافی کی درخواست دینے کے لیے ملزم کا عدالت میں موجود ہونا ضروری ہے۔ شہباز شریف نے جب حاضری معافی کی درخواست دی وہ عدالت میں موجود نہیں تھے۔ ان کو علاج کے لیے حاضری معافی دی گئی تھی لیکن اب اپوائنتمنٹ کی تاریخ بھی گزر چکی ہے۔

نیب وکیل نے عدالت کو مزید بتایا کہ شہباز شریف کے خلاف احتساب عدالت میں دو ریفرنسز کا ٹرائل جاری ہے۔ جن میں آشیانہ اقبال ریفرنس اور رمضان شوگر مل ریفرنس زیر سماعت ہیں۔ ٹرائل کورٹ نے قانون کے برعکس شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کی۔ شہباز شریف آشیانہ ریفرنس اور رمضان شوگر مل ریفرنس میں مرکزی ملزم ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ ٹرائل کورٹ کا شہباز شریف کو مستقل حاضری معافی دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ملزم کو ٹرائل جوائن کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے نیب کی درخواست مسترد کر دی اور شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 مارچ کو جواب طلب کر لیا۔
 

Advertisement