لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف اسمبلی کے بجٹ سیشن میں شریک ہوں گے اور گیارہ جون کو عدالت کے روبرو پیش ہوں گے۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا طیارہ آج صبح لاہور ائیر پورٹ پر اترا، لیگی قیادت اور کارکنان نے ان کا استقبال کیا۔ شہباز شریف 10 اپریل کو اپنے طبی معائنے کے لیے برطانیہ گئے تھے۔
سلمان شہباز نے اپنے ٹوئٹ میں والد کی واپسی کی تاریخ کا اعلان کیا، وہ سات ہفتوں سے علاج کی غرض سے لندن میں تھے، شہباز شریف نے عید الفطر بھی لندن میں منائی۔
شہباز شریف کے خلاف رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اسکینڈل کے مقدمات زیر التوا ہیں، پچھلی پیشی پر عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا تھا جس پر شہباز شریف کے وکلا نے گیارہ جون کو عدالت پیش ہونے کی یقین دہانی کرائی تھی، وہ اب عدالت کے روبرو پیش ہوں گے۔
شہباز شریف اسمبلی میں بجٹ سیشن میں شریک ہوں گے، شہباز شریف کی وطن آمد کے حوالے سے پولیس نے بھی تمام انتظامات کئےتھے، علامہ اقبال ائیرپورٹ اور روٹ پر پولیس کے 300 اہلکار تعینات تھے، پولیس ائیرپورٹ کے باہر مال روڈ چیرنگ کراس ریگل چوک ماڈل ٹاؤن اور کلمہ چوک میں موجود تھی۔