لاہور: (روزنامہ دنیا) ہائیکورٹ نے پرائیویٹ سکولز کو فیس کی عدم ادائیگی پر بچوں کو نکالنے سے روک دیا، عدالت نے ہدایت کی کہ تمام بچے معمول کے مطابق سکول جا کر تعلیم جاری رکھیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے والدین کی درخواستوں پر سماعت کی جس میں فیس کی عدم ادا ئیگی پر بچوں کیخلاف کارروائی کو چیلنج کیا گیا، عدالت نے حکم دیا کہ کسی بچے کو فیس کی عدم ادا ئیگی پر سکول سے نکالا گیا تو انتظامیہ کو طلب کیا جائے گا۔
خیال رہے کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں 30 ستمبر کو سات ماہ بعد پرائمری تک تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوئیں۔ تعلیمی اداروں میں حکومت کے طے کردہ ایس او پیز کے تحت انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
تعلیمی اداروں میں شفٹ دو حصوں میں تقسیم کی گئی ہیں۔ کلاس کی آدھی تعداد ایک دن آئے گی جبکہ باقی دوسرے دن حاضری یقینی بنائے گی، شفٹ کو بھی 4 گھنٹے تک محدود کر دیا گیا۔ ماسک کے بغیر سکول میں داخل ہونے کی پابندی ہے۔