اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے نارووال سپورٹس کمپلیکس ریفرنس کی سماعت براہ راست نشر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ انتقامی کارروائیوں سے ملک بدترین انتظامی بحران کا شکار ہوگیا، حکومت اپوزیشن کو ٹارگٹ کر کے لوگوں کی مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت کو احتساب عدالت میں کورونا کیسز کا نوٹس لینا چاہیئے، رش والی جگہوں، سرکاری دفاتر میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا چاہیئے، حکومت صرف اپوزیشن پر کورونا پھیلانے کے الزام لگاتی ہے، جہاں ان کا اختیار ہے وہاں کوئی انتظامات نہیں، جوڈیشل کمپلیکس میں کورونا کیس سامنے آنے پر رجسٹرار نے ڈی سی کو خط لکھا، خط کے باوجود کوئی اقدامات نہیں ہوئے، یہ حکومت کی غیر سنجیدگی کا عالم ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا حکومت اور نیب نے ڈھائی سال بعد نارروال سپورٹس کمپلیکس کا ریفرنس دائر کیا، حکومت سمجھتی ہے اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنا کر لوگوں کی توجہ مسائل سے ہٹ جائے گی، ناروال سپورٹس کمپلیکس پر مجھ پر الزام ہے کہ میں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، پاکستان میں پہلے بین الاقوامی کھیلوں کے منصوبے کو نشانہ بنانا ایک لطیفہ ہوگا، ناروال سپورٹس سٹی کی آسٹرو ٹرف تباہ کر دی گئی۔