خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ کل مینار پاکستان گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی

Published On 20 November,2020 03:19 pm

لاہور: (دنیا نیوز) تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ کل مینار پاکستان گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔ ممتاز عالم دین کا گزشتہ روز انتقال ہوا، انہیں بخار اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔

تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی لاہور میں انتقال کر گئے، انہیں چند روز سے بخار اور سانس کی شکایت تھی۔ جمعرات کی رات طبیعت بگڑنے پر شیخ زید ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔

صدر مملکت، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے بھی علامہ خادم حسین کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

علامہ خادم حسین رضوی کا تعلق پنجاب کے ضلع اٹک سے تھا۔ انہوں نے حفظ و تجوید کی تعلیم جہلم کے مدارس سے حاصل کی اور پھر جامعہ نظامیہ رضویہ لاہور سے درس نظامی مکمل کیا، وہ محکمہ اوقاف کے زیر تحت پیر مکی مسجد میں امامت کے فرائض سرانجام دیتے رہے، انہوں نے 2017 میں تحریک لبیک پاکستان کی بنیاد رکھی تھی۔