چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، خو د کو قرنطینہ کرلیا

Published On 26 November,2020 09:53 am

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ بلاول بھٹو نے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کی تصدیق کر دی۔

 پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، خود کو قرنطینہ کر لیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ وہ 30 نومبر کو پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کی مناسبت سے ہونے والے ملتان کے جلسے سے ویڈیو لنک پر خطاب کریں گے اور اپنی سیاسی سرگرمیاں گھر سے جاری رکھیں گے۔ بلاول بھٹو نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے ماسک پہنیں۔

بلاول بھٹو کے 5 سیکیورٹی اور عملے کے دیگر ارکان بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق بلاول ہاوس میں کام کرنے والے دیگر ملازمین کو بھی کورونا کی علامات ہیں جس کے بعد تمام کے ٹیسٹ کئے گئے۔

 وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ نے پی ٹی آئی رہنماوں کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے کورونا کا شکار ہوئے، ملتان میں ایس او پیز کے ساتھ ہر صورت جلسہ ہوگا۔

 دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 40 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 843 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 86 ہزار 198 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 306 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 16 ہزار 506، سندھ میں ایک لاکھ 67 ہزار 381، خیبر پختونخوا میں 45 ہزار 828، بلوچستان میں 16 ہزار 942، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 583، اسلام آباد میں 28 ہزار 555 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 403 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 53 لاکھ 43 ہزار 702 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45 ہزار 999 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 34 ہزار 392 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 968 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 40 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 843 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 923، سندھ میں 2 ہزار 866، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 344، اسلام آباد میں 297، بلوچستان میں 165، گلگت بلتستان میں 96 اور آزاد کشمیر میں 152 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔