سندھ ہائیکورٹ کا چئیرمین پی پی بلاول بھٹو کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم

Published On 18 November,2020 11:48 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے محکمہ داخلہ سندھ، سیکریٹری وزارت داخلہ کو انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی۔

سندھ ہائیکورٹ نے بلاول بھٹو کو عوامی مقامات پر مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے بلاول بھٹو کو ذاتی سیکیورٹی گارڈ اور کالے شیشے والی گاڑی استعمال کرنے کی بھی اجازت دے دی۔

سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ رپورٹس سے لگتا ہے بلاول بھٹو کی جان کو خطرات لاحق ہیں، ایسی صورتحال میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جاسکتی، ہماری نظر میں بلاول بھٹو کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنا بہت ضروری ہے۔ عدالت نے بلاول بھٹو زرداری کی درخواست نمٹا دی۔

یاد رہے بلاول بھٹو نے 2016 میں سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ وکیل اختر حسین نے موقف اپنایا بلاول بھٹو اور ان کی رہائش گاہ پر سنگین نوعیت کی سیکیورٹی خدشات ہیں، سیاسی رہنماؤں کو سیکیورٹی فراہمی سے متعلق وفاقی حکومت 7 سال بعد بھی پالیسی پیش نہیں کرسکی۔