الیکشن کمیشن گلگت بلتستان میں ایک ایک ووٹ کی پولنگ اور گنتی یقینی بنائے: بلاول بھٹو

Published On 15 November,2020 03:45 pm

کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان انتخابات کے دوران ہر ووٹ کی پولنگ اور گنتی یقینی بنائے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ انتخابات میں اہلیان گلگت بلتستان کا جوش جمہوریت کیساتھ ان کی وابستگی کا عہد ہے، الیکشن کمیشن کو چاہیئے عوام کے ان جذبات کو ملحوظ خاطر رکھے۔ الیکشن کمیشن اس بات کو یقینی بنائے کہ ایک ایک ووٹ کاسٹ ہو اور ایک ایک ووٹ کا شمار ہو۔

 

گلگت بلتستان میں آج ہونے والے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، پیپلزپارٹی (پی پی) اور مسلم لیگ ن میں کانٹے کا مقابلہ ہے۔ ووٹرز بھی اپنی اپنی پارٹی کی جیت کیلئے سرگرم ہیں۔ سیاسی جماعتوں نے گلگت بلتستان میں بھرپورانتخابی مہم چلائی، حکمران جماعت پی ٹی آئی، پی پی اور نواز لیگ نے جلسے، ریلیوں اور کارنرمیٹنگز میں خوب جان ماری، امیدواروں نے بھی کامیابی کے دعوے کردیئے۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ مثالی انتخابات کروا کر تاریخ رقم کردینگے۔
 

 

Advertisement