کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما رضا ربانی نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن آئین کے مطابق وقت پر ہی ہوں گے، ترمیم کر کے طریقہ کار کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا، مشتر کہ مفادات کونسل کے فیصلے بھی کابینہ خود کر رہی ہے۔
سابق چیئرمین سینیٹ اور پی پی رہنما رضا ربانی سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کے تحت الیکشن کمیشن آزاد اتھارٹی ہے جو انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرسکتا ہے، موجودہ سینیٹ کی 11 مارچ کی رات 12 بجے مدت ختم ہوگی، سینیٹ الیکشن آئین کے تحت ہو رہے ہیں، الیکشن ایکٹ میں ترمیم کر کے سینیٹ انتخابات کے طریقہ کار کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔
رضا ربانی کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 59 میں درج ہے کونسا سینیٹر کب ریٹائرڈ ہوگا، سینیٹ میں شو آف ہینڈز کے ذریعے انتخابات کرانے کی بات کی گئی، شوآف ہینڈز سے سینیٹ کے انتخابات مزید پولرائزیشن کی طرف ایک قدم ہے، امید کرتا ہوں سپریم کورٹ ایگزایکٹو کے اس کھیل کا حصہ نہیں بنے گی۔