فیصل آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما چودھری شیر علی نے رانا ثناء اللہ کے خلاف ایک بار پھر محاذ کھولتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مینار پاکستان جلسے میں کارکنوں کی ایک بس بھی لے کر نہیں جا سکے۔
لیگی رہنما چودھری شیر علی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مینار پاکستان جلسہ ناکام بنانے کی سازش کرنے والے (ن) لیگ کے دشمن ہیں۔ رانا ثناء اللہ اور ان کی ٹیم ایک بس بھی لاہور لے کر نہ جا سکی ۔
چودھری شیر علی کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہم تین، تین سو بسوں کے قافلے لے کر جاتے رہے۔ ہزاروں کارکن لاہور جانے کے لئے ٹرانسپوٹ ڈھونڈتے رہے لیکن انھیں کسی ایم این اے یا ایم پی اے نے لفٹ نہیں کروائی۔
انہوں نے لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چیدہ چیدہ پارٹی عہدیدار اور ورکر لاہور جا کر سوشل میڈیا پر تصویری نمائش کرتے رہے۔