اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کی منظوری کے بعد سینیٹ الیکشن شو آف ہینڈز کے ذریعے کرانے کے لئے ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کر دیا گیا ہے۔ ریفرنس میں سینیٹ کے الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رائے مانگی گئی ہے۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم کی تجویز پر آئین کے آرٹیکل 186 کے تحت ریفرنس سپریم کورٹ بھجوانے کی منظوری دی۔ ریفرنس میں آئین میں ترمیم کیے بغیر الیکشن ایکٹ 2017ء کی سیکشن 122 چھ میں ترمیم پر سپریم کورٹ کی رائے مانگی گئی ہے۔
ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ سینٹ الیکشن میں خفیہ بیلٹنگ سے ارکان کی خرید و فروخت میں کالا دھن استعمال ہوتا ہے جس سے سینٹ الیکشن کی شفافیت پر سوال اٹھتے ہیں۔ سینٹ کا الیکشن اوپن بیلٹ کے تحت ہونے سے انتخابی عمل میں شفافیت آئے گی، اہم آئینی نکتے پر سپریم کورٹ اپنی رائے دے۔
خیال رہے وفاقی کابینہ نے 15 دسمبر کو سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رائے لینے کی منظوری دی تھی۔