لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ کسی طرح کے مِنی یا گرینڈ ڈائیلاگ کی باتیں بے معنی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا فیصلہ ہے کہ کوئی مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد پوری طرح اس موقف کے ساتھ کھڑے ہیں۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ اس لیے کسی طرح کے مِنی یا گرینڈ ڈائیلاگ کی باتیں بے معنی ہیں۔ اس جعلی اور کٹھ پتلی حکومت کو کسی طرح کا این آر او نہیں ملے گا۔ یہ پوری قوم کا فیصلہ ہے۔
خیال رہے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما محمد علی درانی نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے جیل میں ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگاڑا کا تفصیلی پیغام شہباز شریف کے پاس لے کر آئے تھے
محمد علی درانی نے کہا کہ پیر پگاڑا نے چار ایشوز پر بات چیت کے لیے بھیجا تھا جس میں پہلا ایجنڈا یہ ہے کہ ڈائیلاگ کرکے معاملات بہتر کیے جائیں، دوسرا یہ کہ پارلیمان دوبارہ اپنا کام شروع کرے۔
محمد علی درانی کی شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کے بعد آج دن بھر پاکستان کے مقامی میڈیا میں نیشنل ڈائیلاگ اور شہباز شریف کا مبینہ بیان ذرائع کے حوالے سے چلتا رہا جس میں مبینہ طور پر شہباز شریف نے مسائل ڈائیلاگ کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا تھا۔