نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے بلوچستان میں فرنٹیئر کور (ایف سی ) کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں ہفتے کو ایف سی کی چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں 7 ایف سی اہلکار شہید ہو گئے تھے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کے نائب ترجمان فرحان عزیز حق نے اے پی پی کو ای میل کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ سیکرٹری جنرل نے حملے کے متاثرہ افراد کے خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ سیکرٹری جنرل سکریٹری نے یقین دہانی کرائی کہ اقوام متحدہ دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں حکومت پاکستان کے ساتھ ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکیر نے اس دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ افسوس کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے گزشتہ روز اپنے ٹویٹ میں ہفتے کو بلوچستان کے ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر پاکستانی عوام اور حکومت سے تعزیت کا اظہار کیا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کے تعزیتی پیغام پر پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انسانی جانوں کے ضیاع اور معاشی نقصان کی صورت میں بھاری قیمت چکانے کے باوجود پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ثابت قدم ہے۔