مصطفیٰ کمال نے مردم شماری پر ایک بار پھر تحفظات کا اظہار کر دیا

Published On 12 January,2021 12:52 pm

کراچی: (دنیا نیوز) مصطفیٰ کمال نے مردم شماری پر ایک بار پھر تحفظات کا اظہار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی اور غلط مردم شماری کو وفاقی حکومت نے تسلیم کرلیا، ہم 2017 کی مردم شماری کو رد کرتے ہیں، 70 لاکھ کے قریب لوگ کراچی سے غائب کر دیئے گئے، حکومت گنتی کو درست کرے، 17 جنوری کو مردم شماری کے خلاف ریلی نکالیں گے۔

سربراہ پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کراچی میں کوئی نو گو ایریا نہیں، کراچی ملک کی معیشت چلاتا ہے، کراچی کے مسائل حل کرنے کی طرف کوئی نہیں بڑھ رہا، کراچی میں پینے کا پانی ملتا ہے نہ ٹرانسپورٹ کا نظام ہے، بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرائے جا رہے ؟۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم سے صوبے کو ملنے والے اختیارات کو نچلی سطح تک پہنچائے جائیں، ایسی 18 ویں ترمیم کا کیا فائدہ جس سے عوام مستفید نہ ہوں، وزیراعلیٰ نے 18 ویں ترمیم کے ذریعے تمام اختیارات پاس رکھ لیے، نواز شریف، زرداری کی اگلی نسلیں بھی حکومت کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی ادارےمیں کرپشن ختم نہیں ہوئی بلکہ ریٹ بڑھ گیا، پی ایس پی آزاد کشمیر میں رجسٹرڈ ہوگئی، انتخابات میں حصہ لیں گے۔
 

Advertisement