اسلام آباد: (دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے الیکشن کمیشن میں 6 سال سے فارن فنڈنگ کیس التوا کا شکار، ہمارا احتجاج آئین کے مطابق ہے، حکومت کی طاقت معلوم ہیں، یہ ہمارا راستہ نہ کھولتے تو کنٹینر اٹھا کر پھینک دیتے۔
سربراہ پی ڈی ایم فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت درخواستیں دے کر فارن فنڈنگ کیس کو التوا دے رہی ہے، خفیہ دستاویزات، بینک اکاؤنٹس پی ٹی آئی نے ظاہر نہیں کیے، آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر گفتگو کر رہے ہیں، ہم بہت پرجوش ہیں، ہمارے جوش و خروش میں اضافہ ہے۔
ادھر ترجمان پی ڈی ایم میاں افتخار حسین نے کہا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی، پی ڈی ایم میں کوئی پھوٹ نہیں، حکومت کے خاتمے تک متحد رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے احتجاج کرنے دینا اچھی اور جمہوری بات ہے، مذاکرات کے دروازے حکومت نے بند کیے، ڈھائی سال حکومت اپوزیشن کا مذاق اڑاتی رہی۔
میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ ہم نےغیر جمہوری طرزعمل نہیں اپنایا، حکومت پر اتنا دباؤ بڑھے گا وہ خود بخود انتخابات کرائے گی، جب دباؤ بڑھتا ہے تو سب راستے کھل جاتے ہیں، نیب نے تمام با عزت لوگوں کی پگڑیاں کیوں اچھالی۔