اسلام آباد: (دنیا نیوز) مری، گلیات سمیت بالائی علاقوں میں برفباری سے موسم حسین ہوگیا، ناران، شوگران سمیت بالائی علاقوں میں بھی آسمان سے گرتی برف نے علاقے کی خوبصورتی بڑھا دی۔
گلیات اور گردونواح میں پہاڑوں نے برف کی چادر اوڑھ لی، ہر منظر سفید ہوگیا۔ مری میں سیاح مال روڈ پر جمع ہوگئے۔ گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں شدید سردی کا راج ہے۔ سکردو اور گوپس میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی آٹھ درجے نیچے چلا گیا۔
موسم کا حال بتانے والوں نے آج اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔ لاہور میں بھی بوندا باندی کا امکان ہے۔
کراچی میں بھی ایک بار پھر سردی کی لہر آنے کو تیار ہے۔ شہر قائد میں آج شب کوئٹہ اور بلوچستان سے سرد ہواؤں کا نیا سسٹم داخل ہوگا۔ اتوار سے یخ بستہ سائبرین ہواؤں کا معمول سے تیز چلنے کا امکان ہے۔ کراچی میں سردی کی نئی لہر تین روز تک جاری رہے گی۔