اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے براڈ شیٹ تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن تشکیل دینے کی منظوری دیدی ہے جس کے سربراہ جسٹس (ر) عظمت سعید ہونگے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں براڈ شیٹ معاملے کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیشن تشکیل دینے کی منظوری دیدی گئی ہے۔
جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید انکوائری کمیشن کے سربراہ ہونگے۔ انکوائری کمیشن براڈ شیٹ کے معاملے کی جامع تحقیقات کریگی۔ براڈ شیٹ انکوائری کمیشن، کمیشن آف انکوائری ایکٹ 2017ء کے تحت تشکیل دیا جائیگا۔ کمیشن وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ پیش کریگا۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ کرپشن کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ براڈ شیٹ کے معاملے کسی کو نہیں چھوڑوںگا، یہ معاملہ بہت حساس ہے، اس کی مکمل انکوائری ہوگی۔