لندن: (دنیا نیوز) براڈ شیٹ کیس میں نئے کردار برطانوی صحافی ڈیوڈ روز کی انٹری ہو گئی ہے۔ کاوے موساوی نے ڈیوڈ روز پر شہزاد اکبر سے ملاقات اور معاملات طے کروانے پر ڈھائی لاکھ پاؤنڈز مانگنے کا الزام عائد کیا ہے۔
کاوے موساوی نے الزام عائد کیا ہے کہ لندن میں وزیراعظم پاکستان کے مشیر شہزاد اکبر سے پہلی ملاقات سنٹرل لندن کے رائل گارڈن ہوٹل میں برطانوی اخبار ڈیلی میل کے صحافی ڈیوڈ روز نے کروائی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈیوڈ روز میرے گھر آئے تھے، اس موقع پر ان سے شہزاد اکبر سے ملاقات کے بارے میں بات کی تھی۔ میٹنگ طے ہونے کے بعد ڈیوڈ روز نے اس بات کا بھی مطالبہ کیا کہ وہ آپ کی اتنی بڑی رقم کلیئر کروا رہے ہیں تو اس میں انہیں کیا ملے گا؟
کاوے موسوی نے دعویٰ کیا کہ ڈیوڈ روز نے انہیں کہا کہ میرے گھر پر اڑھائی لاکھ کی مورگیج ہےم جو آپ کلئیر کروا دینا جس پر ہمارا اتفاق ہو گیا۔
دوسری جانب ڈیلی میل کے رپورٹر ڈیوڈ روز نے کہا ہے کہ یہ ملاقات کاوے موساوی کی درخواست پر کروائی اور یہ کہ انھیں رقم کی پیشکش ضرور کی گئی تھی لیکن انھوں نے لینے سے انکار کر دیا تھا۔