اسلام آباد: (دنیا نیوز) جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید کی سربراہی میں قائم براڈ شیٹ کمیشن نے تمام اعتراضات کے باوجود کام شروع کر دیا ہے۔ وفاقی شرعی عدالت میں قائم سیکرٹریٹ باقاعدہ فعال ہو چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق براڈ شیٹ انکوائری کمیشن کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید سیکرٹریٹ پہنچے اور تمام معاملات کو دیکھا۔ خیال رہے کہ انھیں تفتیش کیلئے افسران اور ماہرین پر مشتمل کمیٹیاں بنانے کا اختیار حاصل ہے۔
براڈ شیٹ کمیشن 6 ہفتوں میں انکوائری مکمل کرے گا۔ تحقیقاتی کمیشن براڈ شیٹ اور آئی اے آر کے انتخاب، تقرری کے عمل اور معاہدوں کی چھان بین کرے گا۔
کمیشن 2003ء میں براڈ شیٹ اور آئی اے آر کے ساتھ معاہدوں کی منسوخی کی وجوہات اور اثرات کی جانچ پڑتال بھی کرے گا۔ کمیشن کو 2008ء میں براڈ شیٹ کو پاکستان کی ادائیگیوں کی وجوہات اور اثرات کی نشاندہی کرنے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔
جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید کی سربراہی میں قائم کمیشن مختلف کیسز بند کرنے کے نتیجے میں ملک کو ہونے والے مالی نقصان کا تعین بھی کریگا۔ براڈ شیٹ انکوائری کمیشن تحقیقات کے لیے کسی بھی شخصیت کو طلب کرنے کے لیے با اختیار ہوگا۔
براڈ شیٹ کمیشن گزشتہ 30 سال میں ہونے والی بدعنوانیوں سمیت دیگر کرپشن کیسز کی تحقیقات بھی کرے گا۔ ذرائع کے مطابق کمیشن میں اچھی شہرت کے حامل افسران کو متعین جبکہ لاجسٹک سپورٹ سمیت تمام ضروریات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔