پتنگ بازی پر بھاری جرمانے، کائٹ ایکٹ میں ترمیم لانے کا فیصلہ

Published On 31 January,2021 08:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ داخلہ نے پتنگ بازی پر بھاری جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ پتنگ بنانے، فروخت کرنے اور اُڑانے پر بھاری جرمانے ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پتنگ بازی کے تدارک کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم مومن آغا کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں کائٹ فلائنگ ایکٹ میں ترمیم کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پتنگ بنانے والے کو 5 لاکھ روپے سے لے کر 20 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔ پتنگ کی خرید وفروخت کرنیوالے کو ایک لاکھ سے 5 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جائے گا جبکہ پتنگ اُڑانے والے کو 25 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔

محکمہ داخلہ نے مذکورہ تجاویز تیار کرلی ہیں جنہیں کائٹ فلائنگ ایکٹ میں ترمیم کیلئے پنجاب اسمبلی میں ارسال کیا جائے گا۔

اس سے قبل پنجاب حکومت نے بسنت کے متعلق غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے باقاعدہ تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا کہ پنجاب بھر میں بسنت منانے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔
 

Advertisement