لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ خدا کے لیے سرکاری ملازمین پر بے رحمانہ تشدد بند کرو۔
سرکاری ملازمین کے احتجاج پر تشدد کے خلاف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ مظلوم سرکاری ملازمین کو آنسو گیس، شیلنگ اور لاٹھیوں کا نشانہ مت بناؤ۔
ان کا کہنا تھا کہ خدا کے لیے سرکاری ملازمین پر بے رحمانہ تشدد بند کرو، سرکاری ملازمین دشمن نہیں اپنا حق مانگنے والے غریب پاکستانی ہیں۔
اس سے قبل بھی مریم نواز نے کہا تھا کہ سرکاری ملازمین پر تشدد، آنسو گیس اور گرفتاریاں جعلی حکومت کے اوچھے اور ظالمانہ ہتھکنڈے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سرکاری ملازمین کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کی قربانیاں پاکستان میں ظالم، عوام دشمن، ووٹ چور، کمشن خور حکومت کے خاتمے کا اعلان ہے، تین سال میں ظالم حکومت نے عوام بالخصوص سرکاری ملازمین کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر رکھ دیا، پہلی حکومت ہے جس نے چار گنا مہنگائی کے باوجود تین سال میں ایک روپے کا سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں اضافہ نہیں کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم سرکاری ملازمین کے حقوق اور ان پر تشدد کے خلاف پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے، گرفتار سرکاری ملازمین کو فی الفور رہا اور مطالبات کو تسلیم کیا جائے، جعلی حکمران اتنا ظلم کریں، جتنا خود سہہ سکیں، 126 دن اسلام آباد میں دھرنا دینے والے سے سرکاری ملازمین کا جائز احتجاج برداشت نہیں ہو رہا۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ مغربی جمہوریت کے دعویدار کا فسطائی اور آمرانہ چہرہ آج پوری قوم نے دیکھ لیا، تنخواہوں میں اضافے اور جائز مطالبات کرنے والے ملازمین پر تشدد بے رحم، ظالم حکمرانوں کی پہچان ہے۔