کراچی: (روزنامہ دنیا) سندھ اسمبلی دونوں حلقوں کے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے امیدوار دوبارہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گئے، جب کہ باقی تمام امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہو گئیں۔
رات گئے تک ملنے والے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 43 سانگھڑ 3 کے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے جام شبیر علی خان 48 ہزار سے زائد ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے اور تحریک انصاف کے مشتاق 6 ہزار 925 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ یہ نشست پیپلزپارٹی کے جام مددعلی خان کے کورونا میں انتقال سے خالی ہوئی تھی۔
سندھ اسمبلی کی پی ایس 88 ملیر کراچی کی نشست پیپلزپارٹی کے صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ کے کورونا میں انتقال کے باعث خالی ہوئی۔ پیپلزپارٹی کے یوسف بلوچ 24 ہزار 261 ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے۔ تحریک انصاف کے جان شیر جونیجو 4 ہزار870 ووٹ کے ساتھ تیسرے، تحریک لبیک پاکستان کے سید کاشف علی شاہ 6 ہزار 99 ووٹ کے ساتھ دوسرے اور ایم کیوایم پاکستان کے ساجد احمد 2 ہزار 634 ووٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔
دوسری جانب پی بی 20 پشین تھری میں غیر حتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار اور پی ڈی ایم کے حمایت یافتہ عزیز اللہ آغا پہلے، بلوچستان عوامی پارٹی کے عصمت اللہ ترین دوسرے نمبر پر رہے۔ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 20 پشین تھری پر سید فضل آغا کی وفات سے خالی نشست پر انتخابات کروائے گئے۔