کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی نے پی ایس تینتالیس سانگھڑ میں تحریک انصاف کو شکست دیدی ہے۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے جام شبیر علی پینتالیس ہزار دو سو چالیس ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔
ادھر پی ایس اٹھاسی ملیر میں جیالے امیدوار یوسف بلوچ کو واضح برتری حاصل ہو چکی ہے۔
سندھ کے حلقہ پی ایس 43 سانگھڑ کے تمام 132 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے جام شبیر علی 45 ہزار 240 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔ پی ٹی آئی کے مشتاق جونیجو نے 5 ہزار 230 ووٹ حاصل کیے اور دوسرے نمبر پر رہے۔
کراچی کے حلقہ پی ایس 88 کے 95 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی نتیجہ کے مطابق پیپلز پارٹی کے یوسف بلوچ 21297 ووٹ لے کر آگے جبکہ ٹی ایل پی کے کاشف شاہ 4548 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ پی ٹی آئی کے جان شیر جونیجو 4160 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر جبکہ ایم کیو ایم کے ساجد احمد 2367 ووٹوں کے ساتھ سب سے پچھے ہیں۔
بلوچستان کے حلقہ پی بی 20 پشین کے 105 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے آغا عزیز اللہ 12 ہزار ووٹ لے کر آگے جبکہ بی اے پی کےعصمت اللہ خان ترین 4 ہزار 83 ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹٰی بلاول بھٹو زرداری نے پی ایس 43 سانگھڑ اور پی ایس 88 ملیر سے امیدواروں کی کامیابی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ پورے پاکستان کے عوام کی فتح ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ میں ضمنی انتخابات کے نتائج سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہے۔ عوام نے دھونس دھاندھلی کو مسترد کر دیا۔ سیاسی شعبدہ گروں کو خاک میں ملا دیا۔ ضمنی انتخابات سے عیاں ہو گیا کہ ملک میں صورتحال اب عوام بخلاف سلیکٹڈ حکومت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات کی طرح سینیٹ الیکشن میں بھی شکست سلیکٹڈ وزیراعظم کی منتظر ہے۔ سلیکٹڈ حکمرانوں کو ضمنی انتخابات میں شکست فاش سے ہمکنار کرنے کے بعد عوام کا رخ اب اسلام آباد کی جانب ہوگا۔