اسلام آباد: (دنیا نیوز) مونس الہٰی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو ووٹ دوں گا، عمران خان آج کا میچ با آسانی جیت جائیں گے۔
حکومتی اتحادی ق لیگ کے رہنما مونس الہی بھی پارلیمنٹ ہاوس پہنچ گئے۔ مونس الہی نے کل پارلیمانی پارٹی اجلاس میں عدم شرکت کے سوال پر کہا کہ اصل بات ووٹ کی ہے جو دینے کے لیے پوری جماعت آئی ہے۔ وزیراعظم سے ناراضگی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میری کوئی ناراضگی نہیں ہے۔
وزیر اعظم آج اعتماد کا ووٹ لیں گے۔ 340 کے ایوان میں حکومتی اتحاد کی تعداد 180 جبکہ اپوزیشن کے پاس 160 ووٹ ہیں۔ عمران خان کو ایوان کا اعتماد حاصل کرنے کے لئے قومی اسمبلی کے 171 ارکان کی حمایت حاصل کرنا ضروری ہوگی۔
ایوان زیریں میں پی ٹی آئی کے اپنے 156 اراکین ہیں جبکہ اتحادیوں میں ایم کیو ایم کی 7، مسلم لیگ (ق) اور بی اے پی کی 5، 5 نشستیں ہیں، جی ڈی اے کی 3، آل پاکستان مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کی ایک، ایک نشست ہے، 2 آزاد امیدوار بھی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
متحدہ اپوزیشن میں مسلم لیگ (ن) کے 83 اور پیپلز پارٹی کے 55 اراکین ہیں۔ متحدہ مجلس عمل پاکستان کی 15، بی این پی کی 4، اے این پی کی 1 نشست ہے جبکہ اپوزیشن کو 2 آزاد امیدواروں کا ساتھ بھی حاصل ہے تاہم پی ڈی ایم نے آج کے اجلاس کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا۔